نئی دہلی،24 /اگست (آئی این ایس انڈیا) سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں راہل گاندھی نے ناراضگی کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ خط اس وقت بھیجا گیا جب سونیا گاندھی بیمار تھیں۔ خط کے وقت کے بارے میں سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کانگریس مدھیہ پردیش اور راجستھان کے سیاسی بحران کا سامنا کررہی تھی اور جب صدر بیمار تھیں تو اسی وقت خط کیوں بھیجا گیا۔
ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے سی ڈبلیو سی میٹنگ کے دوران خط لکھنے کے وقت کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ بتایا ہے۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ جب پارٹی تنازعہ کی حالت میں تھی تو بی جے پی کی ملی بھگت سے ایک خط لکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز سی ڈبلیو سی کے اجلاس سے ایک دن قبل پارٹی میں ایک نیا سیاسی طوفان آیا جب سونیا گاندھی سے 23 سینئر رہنماؤں نے کل وقتی اور نچلی سطح پر فعال صدر کا مطالبہ کرنے اور اس تنظیم کو اوپر سے نیچے تک تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔